الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے شیڈول میں تبدیلی کردی
کاغذات نامزدگی جمع کرانےکی تاریخ میں گیارہ جون تک توسیع کے بعد الیکشن کمیشن نے انتخابات 2018کے لیے شیڈول میں تبدیلی کردی ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14جون سے بڑھاکر 19جون کردی گئی، شیڈول میں تبدیلی کی وجہ سے ریٹرننگ افسروں کے فیصلے پر اعتراضات کے لیے اپیلیں 22جون تک دائر ہوسکیں گی،، 27جون تک اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گے، امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 28جون کو جاری ہوگی، جبکہ امیدوار 29جون کو کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، 29جون کو ہی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی، 30جون کو امیدواروں کو انتخابی نشانات جاری کیے جائیں گے، الیکشن کمیشن نے پولنگ ڈے میں کوئی تبدیلی نہیں کی، عام انتخابات پچیس جولائی کو ہی ہونگے، دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے الیکشن 2018 کی سیکیورٹی اور جلسے جلوسوں کے انتظامات کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی ، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے، سیاسی جلسے جلوسوں کے لیے پریڈ ایونیو کی جگہ مختص کر دی گئی۔