ٹرمپ کی نئی پابندیاں معاشی دہشت گردی ہیں ، ایرانی وزارت خارجہ
تہران : ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا امریکا کی نئی پابندیاں صدرڈونلڈ ٹرمپ کی مذاکرات کی پیشکش کے کھوکھلے پن کا ثبوت اور معاشی دہشت گردی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان ایرانی وزارت خارجہ عباس موسوی نے امریکہ کی جانب سے نئی پابندیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا امریکا کی نئی پابندیاں صدرڈونلڈ ٹرمپ کی مذاکرات کی پیشکش کے کھوکھلے پن کا ثبوت ہیں۔ عباس موسوی کا بیان میں کہنا تھا کہ ایران پرنئی پابندیاں معاشی دہشتگردی ہیں، امریکا کی دباؤ کی پالیسی ماضی میں بھی ناکام ہوئی اور اب بھی ناکام ہے۔ ترجمان نے مزید کہا یہ غلط راستہ ہے امریکا کواس پالیسی سے کچھ نہیں ملے گا۔ یاد رہے امریکا نے ایران کی مزید 39 کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا، جن میں ایران سب سے بڑی اورمنافع بخش پیٹروکیمیکل ہولڈنگ کمپنیوں سمیت ان کے ذیلی ادارے بھی شامل ہیں۔