کورونا ایک مہلک اور سفاک کھلی حقیقت ، احتیاط کی جائے ،شہبازشریف
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کورونا سے متاثرین کی بڑھتی تعداد نے خوفناک شکل اختیار کر لی ، کورونا ایک مہلک اور سفاک کھلی حقیقت ہے اس سے انتہائی احتیاط کریں۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شہباز شریف نے سابق وزیراعظم اور پارٹی کے سینئر نائب صدر اور لاہور سے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں، اللہ تعالی انہیں صحت کاملہ عطا فرمائے۔( آمین)۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی ایک ایماندار، اہل اور قوم کا درد رکھنے والے قابل اور وفا شعار انسان ہیں۔ کورونا سے متاثرین کی بڑھتی تعداد نے خوفناک شکل اختیار کر لی ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے شاہد خاقان عباسی سمیت تمام متاثرہ افراد کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔( آمین)۔