المناک حادثے پر منفی سیاست افسوسناک ہے۔ مریم اورنگزیب
پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ المناک حادثے پہ منفی سیاست افسوسناک اور شرمناک ہے۔ لوگوں کے خاندان اجڑ گئے اور حکومتی وزرا اپنی نالائقی کا بوجھ ہمیشہ کی طرح پچھلی حکومتوں پہ ڈالنے کی کوشش میں لگے رہے ۔لواحقین کے گھروں میں بچھی صف ماتم کا پارلیمان میں حکومت کی طرف سے مذاق اڑایا گیا۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت سے ٹرینیں بند کر کے ریلوے کی خراب پٹڑی ٹھیک کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں جہاں جہاں ٹریک کی حالت خراب ہے وہاں گاڑیوں کی آمد و رفت بند کر کے ہنگامی بنیادوں پہ پٹڑی کی مرمت کی جا ئے منفی اور گھٹیا سیاست کی بجائے مستقبل میں ایسے حادثے نہ ہوں پہ غور کرنا چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق نے مثبت نشاندہی کی جو حادثے کی وجہ ہو سکتی ہے، اس پر حکومتی الزام تراشی گھٹیا اور شرمناک رویہ ہے۔ اللہ تعالی لواحقین کو صبر اور حادثے میں شہید ہونے والوں کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔