سعودی عرب کے ساتھ روابط سے سینکڑوں برطانوی شہریوں کی زندگیاں بچانے میں مدد ملی۔ برطانوی وزیراعظم
برطانیہ کی وزیر اعظم تھریسا مے نے پارلیمان میں سعودی عرب کے ساتھ روابط کا دفاع کیا ہے اور کہا ہے کہ اس تعاون کی بدولت برطانیہ میں سینکڑوں افراد کی زندگیوں کو بچانے میں مدد ملی ۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق انھوںگزشتہ روز دارالعوام میں حزب ِ اختلاف لیبر پارٹی کے لیڈر جیرمی کاربائن کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی روابط استوار ہیں۔ یہ تعلق بڑی اہمیت کا حامل ہے اور اس سے اس ملک میں سینکڑوں افراد کی زندگیاں بچائی گئی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب میں اصلاحات کا جائزہ لے رہے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔برطانوی وزیراعظم کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب سعودی ولی عہد ، وزیر دفاع اور نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔