مختلف شخصیات کا خواتین کے عالمی دن پر خصوصی پیغام
سیاسی شخصیات کی جانب سے خواتین کے عالمی دن پر ملک کی باصلاحیت خواتین کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی پیغامات شیئر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
شیریں مزاریوزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’آج خواتین کا عالمی دن صرف خواتین سے ہمدردی ظاہر کرنے کے لیے نہیں منایا جارہا بلکہ دربدر ہونے والی خواتین کو بااختیار بنانے کا بھی مقصد ہے جن کو معاشرہ تسلیم نہیں کرتا ‘
وزیر برائے انسانی حقوق نے یہ بھی لکھا کہ ہم ریاستی، حکومتی سطح پر آگے بڑھ رہے ہیں لیکن ہمیں خواتین کے لیے بھی سوچ بدلنا پڑے گی۔
پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ صنفی امتیاز کے خاتمے سے مہذب معاشرہ قائم ہوگا، خواتین کا باوقار مقام پیپلز پارٹی کا اصول ہے اور ہر شعبے میں خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلام نے خواتین کو مثالی عزت، احترام، حقوق اور مقام عطا کیا، حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ہمیں خواتین کے حقوق اور احترام کا درس دیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسلامی، انسانی اور تحریک پاکستان میں خواتین نے تاریخی کردارادا کیا، پاکستان میں فیصلہ سازی سمیت ہر شعبے میں خواتین کا کردار اور تعداد بڑھنا خوش آئند ہے۔
شیری رحمان
پیپلز پارٹی کی رہنما و سینیٹر شیری رحمان لکھتی ہیں کہ میں آج عورت مارچ اس لیے کرتی ہوں کیونکہ میں خواتین کے خلاف تشدد تسلیم نہیں کرتی، انہیں کام کی جگہ ہراساں کرنا تسلیم نہیں کرتی، مجھے دائرہ اقتدار میں اپنی آواز سننے کا حق ہے۔ میں اس لیے بھی مارچ کرتی ہوں کے ہمیں بڑھنے کے لیے ایک طویل راستہ ہے‘.
اسد عمر
وزیر خزانہ اسد عمر لکھتے ہیں کہ ’خواتین کے عالمی دن پر یاد رکھیں کہ پاکستان خوشحال اور پرامن نہیں ہوسکتا جب تک ہم خواتین کو زندگی جینے کا پوری طرح موقع نہ دیں‘۔
ملالہ یوسف زئی:
پاکستانی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے خواتین کے عالمی دن کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے پیغام دیا کہ تمام لڑکیوں کے لیے قدم اٹھائیں اور انہیں ان کی بھرپور طاقت تک پہنچائیں۔
میشا شفیع:
گلوکارہ میشا شفیع لکھتی ہیں کہ ’میں مارچ کرتی ہوں تو ہماری بیٹیوں کو سچ بولنے اور اپنے حق کے لیے خاموش رہنا نہیں پڑے گا‘۔
اداکارہ میرا:
اداکارہ میرا نے خواتین کے عالمی دن پر تمام خواتین کو پیغام دیا کہ’ ملکہ کی طرح سوچیں جو ناکام ہونے سے نہیں ڈرتی کیونکہ ناکامی کامیابی کی جانب بڑھتا قدم ہوتا ہے‘۔