پاکستان اور بھارت پڑوسی ہیں، دونوں تعاون سے مستقبل بہتر بنا سکتے ہیں۔ چینی وزیر خارجہ
چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت پڑوسی ہیں جوتبدیل نہیں ہوسکتے،دونوں ممالک برصغیر کی ہزاروں سالہ پرانی شاندار تہذیب و تمدون کے مشترکہ امین ہیں، امید کرتے ہیں کہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ مل کرآگے قدم بڑھا ئیں گے، دونوں ممالک پیج الٹ کر باہمی تعلقات کو طویل مدت کیلئے بہتر بنانے کی کوشش کریں اور تمام معاملات کو پرامن اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے ،کسی بھی ملک کی حاکمیت اور علاقائی سالمیت کا مکمل طور پر احترام کیا جانا چاہیے۔جمعہ کو یہاں بیجنگ میں تیرویں نیشنل پیپلز کانگریس کے دوسرے سیشن کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چینی وزیر خارجہ نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہاکہ مجھے چین کے آئرن برادر کی طرف سے سوال کرنے پر خوشی ہوئی ہے ۔حالیہ واقعات نے بین الاقومی توجہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات پر مرکوز کی ہے چین شروع دن سے اس بات پر زور دیتا آرہا ہے کہ کشیدگی سے بچنے کیلئے تمام معاملات کو پرسکون انداز میں پرامن طریقے سے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے ۔انھوں نے کہاکہ کسی بھی ملک کی حاکمیت اور علاقائی سالمیت کو مکمل طور پر احترام کیا جانا چاہیے ۔چین ان کوششوں میں ان اصولوں کی پیروی کررہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے ایک اہم کردار ادا کررہا ہے ۔گزشتہ چند روز میں دونوں ممالک نے کشیدگی کے خاتمے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے بات چیت شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے چین اس کاخیر مقدم کرتا ہے ۔پاکستان اور بھارت دونوں پڑوسی ملک ہیں اور ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں دونوں ملک کو استحکام ،ترقی اور خوشحالی کااحساس کرنے کیلئے اہم مواقعوں کا سامنا ہے ۔امید ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے ایک ساتھ پیش رفت کریں گے ۔چین امیدکرتا ہے کہ پاکستان اور بھارت مل کر اس بحران کو ایک مواقع میں تبدیل کریں گے ۔ہم دونوں ممالک کومشورہ دیتے ہیں وہ فوری طور پر پیج تبدیل کردیں اور اپنے تعلقات کو طویل مدت کیلئے بہتر بنانے کی کوشش کریں ۔جب تنازعات مکالمے کو راستہ دیں گے اوراختلافات اچھے طریقے سے حل ہونگے تو دونوں ممالک مکمل تعاون کے ساتھ اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکتے ہیں۔چائنہ ریڈیو انٹر نیشنل کے مطابق وانگ ای نے کہا کہ تنازعات کے تصفیے کے عمل کے دوران واقعے کی حقیقت کی صحیح انداز میں تحقیق ہونی چاہیے،متعلقہ ملکوں کی علاقائی سالمیت اور اقتدار اعلی کا احترام ہونا چاہیے۔وانگ ای نے کہا کہ پاکستان اور بھارت پڑوسی ہیں جوتبدیل نہیں ہوسکتے۔دونوں ممالک جنوبی ایشیا کے برصغیر کی ہزاروں سالہ پرانی شاندار تہذیب و تمدون کے مشترکہ امین ہیں۔دونوں استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لئے اہم مواقع کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم امید کرتے ہیں کہ دونوں فریق ہم آہنگی میں رہیںگے، ایک دوسرے کی مدد کریں گے اور ایک دوسرے کے ساتھ مل کرآگے قدم بڑھا ئیں گے۔