نواز شریف کا ایک بار پھر ہسپتال منتقل ہونے سے انکار
میاں نواز شریف نے ایک بار پھر جیل سے ہسپتال منتقل ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جیل میں ٹھیک ہیں، ہر بار ہسپتال لے کر جایا جاتا ہے، پھر واپس بغیر علاج کے بھیج دیا جاتا ہے۔سابق وزیراعظم سے کوٹ لکھپت جیل میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف، مریم نواز، رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف، میاں حمزہ شہباز اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ملاقات کی۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ کسی اسپتال منتقل نہیں ہونا چاہتے۔میاں نواز شریف کے دل کے مرض کے پیش نظر ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سابق وزیر اعظم سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی۔ ڈاکٹر عدنان میاں نواز شریف کے لیئے ادویات بھی لیکر پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو دل کے مرض کے فوری علاج کی ضرورت ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے نواز شریف سے پوچھا ہے کہ وہ کس اسپتال میں منتقل ہونا چاہتے ہیں، جس پر نوازشریف نے جواب دیا کہ وہ کسی اسپتال منتقل نہیں ہونا چاہتے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے 3 اسپتالوں کے نام تجویز کئے ہیں کہ نواز شریف کو پی آئی سی لاہور، راولپنڈی یا الشفاء اسپتال منتقل کیا جاسکتا ہے، تاہم نوازشریف کی تائید کا انتظار ہے۔