شوہر سے بدلہ لینے کے لئے خاتون نے بیٹی مارڈالی۔
مصر میں الجیزہ صوبے کے سیکورٹی ڈائریکٹریٹ نے ایک خاتون شہری کو گرفتار کر لیا۔ خاتون پر الزام ہے کہ اس نے اپنی شیر خوار بچی کو الہرم کے علاقے میں ایک نہر میں پھینک کر جان سے مار ڈالا۔ علاوہ ازیں خاتون نے باہمی گھریلو اختلافات کے سبب بچی کی موت کا الزام اپنے شوہر پر عائد کیا۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ خاتون نے اس مجرمانہ کارروائی کے ارتکاب کے لیے اپنے بھائی اور چچا کی مدد حاصل کی۔ نہر میں بچی کی لاش مل جانے کے بعد اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مصری اخبارات نے ملزم خاتون کے اعتراف سے متعلق تفصیلات شائع کی ہیں۔ ملزم خاتون کے شوہر نے اپنی بیوی پر بدکاری کا الزام عائد کیا تھا۔ شوہر کے مطابق تجزیوں اور ٹیسٹ سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ یہ بچی اس کی بیٹی نہیں تھی۔ خاتون نے اس بات کا اقرار کیا کہ اس کے ایک شخص کے ساتھ "قریبی" تعلقات ہیں اور یہ بچی اس کے شوہر کی نہیں ہے۔ خاتون نے شوہر کو دھمکی دی کہ وہ بچی کو قتل کر کے اس جرم کا الزام اپنے شوہر کے سر تھوپ دے گی۔