آن لائن امتحانات:اسلام آباد ہائیکورٹ نے معاملہ این سی او سی کو بھیج دیا
اسلام آباد ہائیکورٹ نے تعلیمی اداروں میں آن لائن امتحانات لینے کا معاملہ نمٹانے کیلئے این سی او سی کو بھیج دیا ۔پیر کو کورونا وائرس کے پھیلائوکے دوران سکولوں میں آن لائن امتحانات لینے کے لیے دائردرخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے سماعت کی۔ دوران سماعت ریحان الدین گولڑہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ کورونا وائرس پھرتیزی سے پھیل رہا ،نجی تعلیمی ادارے میں منگل کو امتحانات رکھے گئے ہیں، سکولوں میں کووڈ پھیلتا ہے اوربچے پھر گھر آتے تو کورونا گھرمیں بھی پھیلتا ہے، عدالت وزارت تعلیم کو منگل کو آن لائن امتحانات لینے کا حکم دے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا آرڈر ہے کہ عدالتیں تعلیمی اداروں کے پالیسی میٹر میں کوئی مداخلت نہیں کریں گی، عدالت پھر بھی معاملہ رجسٹرار کی توسط سے این سی اوسی کوبھیج رہی ہے۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے معاملہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کو بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ این سی او سی درخواست کو دیکھ کر معاملے کا حل تلاش کرے۔