اسلام نے خواتین کو بلند مقام و مرتبہ عطا کیا ہے۔ میاں محمودالرشید

وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام نے خواتین کو بلند مقام و مرتبہ عطا کیا ہے۔ معاشرے میں خواتین کا بطور ماں،بہن،بیٹی اور بیوی کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔عورت کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ اور داعی ہمارا پیارا مذہب اسلام ہے جبکہ مغر بی دنیا میں عورت کو اشتہار بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔میاں محمود الرشید نے کہا کہ حقوق نسواں کا تحفظ اسلام کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے اور اسلام نے عورت کو اس وقت حقوق دیئے جب دنیا بھر میں اس چیز کا کوئی تصور بھی نہیں تھا۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا پی ٹی آئی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے کیونکہ خواتین کو قومی دھارے میں شامل کیے بغیر سماجی ترقی ناممکن ہے۔ پی ٹی آئی حکومت خواتین کی ترقی اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ میاں محمود الرشید نے مزید کہا کہ خواتین کی اچھی تعلیم و تربیت سے معاشرتی ترقی کی منازل طے کی جا سکتی ہیں۔ اسلام کے رہنما اصولوں پر عمل درآمد خواتین کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے۔