ہرممکن کوشش ہے غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہرممکن کوشش ہے کہ غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے جبکہ حکومتی سبسڈی کا شفاف اور مؤثر استعمال موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشرے کے مستحق اور غریب افراد کو غذا اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری میں حکومت کی جانب سے براہ راست سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو مجوزہ احساس فوڈ اسٹیمپ پروگرام پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو اشیائے ضروریہ کی خریداری میں حکومت کی جانب سے براہ راست سبسڈی فراہم کی جائے گی، براہ راست سبسڈی کی فراہمی سے مستحقین تک حکومتی امداد براہ راست، شفاف طریقے اور فوری طور پر میسر آئے گی۔