سکول و کالج کی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں سے نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے. جان شیر خان
سابق عالمی چیمپئن( سکواش) جان شیر خا ن نے کہا ہے کہ گراس روٹ لیول پر ٹورنامنٹس کے انعقاد سے ملک میں کھیلوں کا معیار بہتر ہو سکتا ہے، گذشتہ روزمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنا کر ہی ملک میں کھیلوں کے معیار میں بہتری لائی جاسکتی ہے، سکول و کالج کی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں سے ہی نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے جس کو بروئے کار لانے کے لئے تربیتی کیمپس کا انعقاد بھی ضروری ہے،انہوں نے کہا کہ کھیل کے فروغ سے معاشرے میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے اور اس کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ کھیلوں کا معیار قائم رہے، انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی بہتر انداز میں سرپرستی ہو نی چاہئے تاکہ وہ ملکی اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں،ایک سوال کے جواب میں جان شیر خان نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹس کے انعقاد سے کھلاڑیوں کا مورال بلندہوگا، ان انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کے انعقاد کا کریڈٹ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر اورچیف ائیرمارشل سہیل امان کو جاتا ہے، جس نے روواں سال 2016 ءمیں انٹرنیشنل سطح کے چار انٹرنیشنل ٹورنامنٹس منعقد کروانے کا اعلان کیا تھا اور چاروں کامیابی سے منعقد ہوئے، جن میں چیف آف آرمی سٹاف ، چیف آف ایئرسٹاف ، چیف آف نیول سٹاف شامل تھے، اور چوتھا ٹورنامنٹ پریزیڈنٹ کپ ٹورنامنٹ شامل تھے جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی ان ٹورنامنٹس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت ملک و قوم کے لئے اعزاز کی بات ہے۔