کشمیری نوجوانوں نے بھارتی تسلط سے نجات کے لئے قربانیوں کی عظیم تاریخ رقم کی۔
مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنما اورانجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کشمیری نوجوانوں کے جذبہ حریت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل اور بھارتی تسلط سے نجات کے لئے کشمیری نوجوانوں نے قربانیوں کی عظیم تاریخ رقم کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آغا سید حسن نے سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کاروشن باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مظلوم قوم کے لیے نوجوان طبقہ غیر مسلح فوجی بازو کی حیثیت رکھتا ہے اور قوم کی مستقبل سازی کا مشن نوجوان نسل کی عملی شرکت کے بغیر پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا ۔آغاسید حسن نے کہا کہ دنیا کا ہر انقلاب نوجوانوں کے جذبہ ایثار اور عملی قربانیوں کا مرہون منت ہے۔ انہوں نے رواں جدوجہد آزادی میں اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے دسیوں ہزار کشمیری نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کے مشن کو ہر قیمت پر اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے ہندوانتہا پسند تنظیموں کی تشکیل کردہ نام نہاد جن سینا کی طرف سے کشمیر میں کاروائیاں کرنے کی دھمکی کو گیدڑ بھبکی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس گروہ کو کشمیر میں آکر اس حقیقت کا بھر پور اندازہ ہوجائے گاکہ گجرات اور کشمیر میں آسمان ا ور زمین کا فرق ہے۔