پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے آج کھیلا جائے گا
پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 5 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج (بدھ) اوول میں کھیلا جائے گا جبکہ لندن کی فضاﺅں پر سیاہ بادلوں کا راج ہے جس کے باعث میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق کارڈف میں کھیلے گئے واحد ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کوسات وکٹوں سے شکست ہوئی۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ون ڈے میچ آج (بدھ ) اوول کھیلا جائےگا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لندن کا موسم سرد ہے، میچ کے دوران بارش کی مداخلت ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق ابھی تک ہونے والے باہمی ون ڈے مقابلوں میں میزبان کا پلڑا بھاری رہا، پاکستان ٹیم 82 میچز میں 31فتوحات حاصل کرپائی، 49 میں انگلینڈ کو فتح نصیب ہوئی۔ دو مقابلے بے نتیجہ رہے، انگلش سرزمین پر دونوں ٹیمیں 42 بار مقابل ہوئیں، گرین شرٹس 15 میں کامیاب ہوئے، 26 میں میزبان ٹیم نے برتری ثابت کردی، ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ دونوں ملکوں کے مابین آخری باہمی سیریز اگست، ستمبر 2016 میں کھیلی گئی، انگلینڈ نے ابتدائی تینوں میچز جیتے۔