شمع انٹرنیشنل کے سردار ظہور اقبال نے وزیر اعظم ریلیف فنڈ برائے کورونا میں پانچ ہزار یورو عطیہ دیا۔
پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) میرے لئے سب سے پہلے میری دھرتی پاکستان اور پاکستان کے عوام ہیں اور سیاسی وابستگی کا نمبر بعد میں آتا ہے۔ میں فلاحی کام صرف اللہ تعالٰی کی رضا کے لئے کرتا ہوں اور اس سے مجھے دلی سکون حاصل ہوتا ہے ان خیالات کا اظہار سردار ظہور اقبال نے کیا۔
پاکستانی کمیونٹی کے مخیر حضرات کی طرف سے فرانس میں پاکستانی ضرورتمندوں کے لئے حسب استطاعت راشن وغیرہ کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ان مخیر حضرات میں ممتاز بزنس میں و سماجی شخصیت شمع انٹرنیشنل فوڈز کے مالک سردار ظہور اقبال کا نام سر فہرست ہے۔ اس مشکل دور میں انہوں نے ضرورتمندوں کی دل کھول کر مدد کی۔ سفارتخانہ پاکستان کی طرف سے مستحق پاکستانیوں کو جو راشن پیکج فراہم کیا جارہا ہے اس میں بھی سردار ظہور نے بھرپور حصہ ڈالا۔ سردار ظہور اقبال پیرس کی سماجی و فلاحی شخصیت بھی ہیں اور مسلم لیگ ن فرانس کے سینئر نائب صدر بھی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کے دست راست سینیٹر فیصل جاوید کے ساتھ ایک ویڈیو انٹرویو میں ان کی اپیل پر وزیر اعظم پاکستان کے قائم کردہ کورونا ریلیف فنڈ میں پانچ ہزار یورو عطیہ کا اعلان کیا۔ یہ فرانس بھر سے اب تک کورونا ریلیف فنڈ میں سب سے بڑا فنڈ ہے جو کہ پی ٹی آئی کے کسی لیڈر نے نہیں بلکہ ن لیگی راہنما نے دیا ہے۔