جدہ کا شاپنگ سینٹر حفاظتی تدابیر کی پابندی نہ کرنے پر بند

سعودی عرب کے شہر جدہ کی امیر ماجد سٹریٹ پر مشہور زمانہ شاپنگ سینٹر حفاظتی تدابیر کی پابندی نہ کرنے پر بند کردیاگیاہے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے شاپنگ سینٹر بند کرنے کا فیصلہ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی کی خاطر کیا ہے۔ میونسپلٹی کے اہلکاروں نے تفتیشی کارروائی کے دوران یہ بات نوٹس کی تھی کہ تجارتی مرکز میں کورونا وائرس کو روکنے کے لیے مقرر حفاظتی انتظامات پر مکمل طور پرعمل نہیں کیاجارہا۔ بلدیہ نے تنبیہ کی ہے کہ جو تجارتی مرکز بھی نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر کردہ حفاظتی انتظامات نہیں کرے گا اسے بند کردیا جائے گا۔