شاہ سلمان کی عراقی وزیر اعظم کو مبارکباد

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مصطفی الکاظمی کی قیادت میں بننے والی عراق کی نئی حکومت کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں مبارک باد کا پیغام دیا ہے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں یقین دلایا کہ سعودی عرب برادر ملک عراق کے ساتھ کھڑا ہے اور باہمی تعاون، احترام، تاریخی رشتوں اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر عراق کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں میں دونوں ملکوں اور ان کے برادر عوام کے رشتوں کو مضبوط بنائیں گے اور بیرونی مداخلت سے بالاتر رہتے ہوئے خطے کے امن و استحکام کی مہم میں بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نئی حکومت کی تشکیل اور عراقی پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ ملنے پر عراق کے نئے وزیراعظم مصطفی الکاظمی کو مبارکباد پیش کی۔