یونان، کورونا وائرس بحران سے سیاحت کے شعبے کو شدید نقصان

کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سے یونان کی سیاحت کے شعبے کو شدید نقصان پہنچا ہے وبا سے سیاحوں کی آمد مکمل طور پر بند ہوچکی ہے۔یونانی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیاحت یونانی معیشت کا اہم جزو قرار دیا جاتا ہے اور یونان میں موسم گرما کے آغاز سے ہی تمام ہوٹل بک ہو جاتے تھے اور موسم بہار کے آغاز سے ہی غیر ملکی سیاحوں کی آمدکا سلسلہ شروع ہو جاتا تھا لیکن اس مرتبہ صورت حال بہت مختلف ہے۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پھیلاو کے بعد متعدد ممالک کی جانب سے سفر پر پابندیاں عائد کر دی گئی تھی جس کی وجہ سے غیرملکی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ مکمل طور پر بند ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یونان کی مجموعی داخلی پیداوار (جی ڈی پی) کا 24 فیصد سیاحت سے حاصل کرتا تھا جو ملکی اقتصادیات کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ یونان میں جزیرہ کریٹ اور جزیرہ رودوش جیسے سیاحتی مقامات کی معیشت کا 80 فیصد دارومدار غیر ملکی سیاحوں پر تھا، کریٹ میں ہوٹلوں کی تنظیم کے جنرل سیکرٹری اینجلوپولوس کے مطابق گرمیوں کے اس سیزن میں نقصان کی وجہ سے نو لاکھ ملازمتیں ختم ہونے کا خدشہ ہے۔