بھارت منافقت سے باز نہ آیا، پاکستان قرض پروگرام کو روکنے کے لئے متحرک,آئی ایم ایف کاانکار

May 08, 2025 | 08:46

بھارت پھر بھی باز نہ آیا، آئی ایم ایف سے پاکستان کا قرض پروگرام بند کرنے  کی درخواست کردی۔ جسے  آئی ایم ایف نے  مسترد کرتے ہوئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان کے قرض پروگرام کے جائزے پر ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس طے شدہ شیڈول کے مطابق کل ہوگا، جس میں کسی قسم کی تاخیر یا تبدیلی نہیں کی گئی۔ آئی ایم ایف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے پُرامید ہے اور دونوں ممالک کے درمیان جاری تنازع کے پرامن حل کی خواہش رکھتا ہے۔ بیان میں خطے میں استحکام اور اقتصادی ترقی کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ پاکستان کے مطابق اس اجلاس میں ملک کو آئی ایم ایف سے دو اعشاریہ تین (2.3) ارب ڈالر کے فنانسنگ پیکیج کی منظوری ملنے کی قوی امید ہے۔ یہ پیکیج ملکی معیشت کو سہارا دینے اور مالیاتی استحکام کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ”ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی“ (RSF) کے تحت ایک اعشاریہ تین (1.3) ارب ڈالر کے کلائمیٹ فنانسنگ پروگرام کی منظوری بھی متوقع ہے۔ یہ فنڈز پاکستان کو آئندہ اٹھائیس ماہ میں مرحلہ وار اقساط کی صورت میں فراہم کیے جائیں گے تاکہ ماحولیاتی چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 25 مارچ 2025 کو طے پایا تھا، جس کی بنیاد پر اب فنڈز کے اجرا کا حتمی فیصلہ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

مزیدخبریں