اقامہ کے اوپر آنے والے فیصلے کو عوام نے آج تک نہیں مانا۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، عوام نے نوازشریف کے حق میں 3 بار فیصلہ دیا اور اپنے ووٹوں سے انہیں وزیراعظم منتخب کیا۔ جن لوگوں نے اداروں کو گالیاں دیں، پاکستان کے آئین کو توڑا وہ آزاد گھوم رہے ہیں، پارلیمنٹ اور عدلیہ پر حملہ کرنیوالوں کو کوئی نہیں پوچھ سکتا۔ نوازشریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، اقامے کے اوپر آنے والے فیصلے کو عوام نے آج تک نہیں مانا، لیگی رہنما دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کیس میں عدالت ایس ای سی پی کی رپورٹ منگوانے سے قاصر ہے، رپورٹ منگوائی جائے تو پتا چل جائے گا صادق اور امین کون ہے۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ یہ سیاسی کیس ہے، نوازشریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، تفصیلی فیصلے میں سسیلین مافیا، گارڈ فادر اور شعر و شاعری کے تذکرے پر حیرت ہے۔