عمران خان کے کامیاب دورہ چین سے پاک چین اقتصادی و سماجی تعلقات کو نئی جہت ملے گی،وفاقی وزیر زبیدہ جلال
کوئٹہ:وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نےمیڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ چین سے پاک چین اقتصادی و سماجی تعلقات کو نئی جہت ملے گی، چین ہمارا آزمودہ و دیرینہ دوست ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کو معاشی اعتبار سے مستحکم و مضبوط بنانے میں اہم کرداراداکیاہے۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ دورہ چین ہر لحاظ سے کامیاب رہا ہے، پاک چین اقتصادی راہداری مضبوط ایک قومی و متفقہ منصوبہ ہے جبکہ وزیراعظم کے دورہ چین کے موقع پر وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان اور ان کی ٹیم کو اپنی وفد کا حصہ بنانے کا فیصلہ لائق تحسین ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کا 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے نئے منصوبے کو بلوچستان سمیت ملک بھر میں نمایاں پذیرائی ملی ہے اور شہریوں کی بڑی تعداد نے ہاسنگ اسکیم کے فارمز جمع کرکے ریاستی اداروں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سی پیک سے خطے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم و پائیدار بنانے میں مفید ثابت ہوا، وزیراعظم عمران خان کی چینی قیادت کے ساتھ انتہائی سود مند ملاقاتیں ہوئیں۔وہ کہتی ہیں کہ بلوچستان میں بحالی امن کے بعد سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور وزیراعلی جام کمال خان کی چینی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں ریلوے، اقتصادی زونز اور معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے چینی حکام نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو پائیدار ترقی و خوشحالی کی مضبوط بنیاد فراہم کرنے کے ساتھ پاک چین دوستی اور دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی جہتیں فراہم کرے گا۔