مستقل ناکامیوں کے باوجود ہیڈن کا سیمی فائنل کیلئے بابر، رضوان کی جوڑی پر اعتماد کا اظہار

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ میتھیو ہیڈن نے سیمی فائنل میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی تبدیل کرنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نمبر ایک جوڑی ہے اور ان دونوں کھلاڑیوں کی بہترین پرفارمنس ابھی آنا باقی ہے۔بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل سے ایک دن قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے میتھیو ہیڈن نے کہا کہ جب نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تو یہ ایک یادگار لمحہ تھا، یہ پوری ٹیم کے لیے ایک شاندر لمحہ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ جب بدھ کو پاکستانی عوام میچ دیکھنے کے لیے اٹھیں گے تو ان کے ہاتھ دعا کے لیے بلند ہوں گے اور 23 کروڑ لوگ غلط نہیں ہو سکتے، اسی وجہ سے ہمارے حوسلے بہت بلند ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا اب تک کا سفر اتار چڑھاؤ سے بھرپور رہا ہے لیکن میرا ماننا ہے کہ ہماری بہترین کارکردگی آنا ابھی باقی ہے جو مخالف ٹیم کے لیے بڑا خطرہ ہے۔