جی ایچ کیو پر حملہ کیس:بانی پی ٹی آئی  سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم ایک بار پھر موخر

Nov 08, 2024 | 16:00

9مئی کو جی ایچ کیو پر حملے کے کیس میں  بانی پی ٹی آئی  سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم ایک بار پھر موخر کر دی گئی۔مقدمے کی کارروائی کے دوران وکلا نے چالان پر اعتراضات اٹھائے،جس کے نتیجے میں فرد جرم کی کارروائی کو ملتوی کر دیا گیا۔کیس میں شامل چالان کے مطابق 94 گواہوں کو شامل کیا گیا ہے،تاہم ان میں سے کسی نے بھی  بانی  پی ٹی آئی  یا پارٹی کے کسی رہنما کا نام نہیں لیا۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے عدالت میں بتایا کہ جن افراد کے بیانات پر بانی پی ٹی آئی اور دیگر قائدین کو ملوث کرنے کی کوشش کی گئی ہے،وہ تو منحرف ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے پیش کئے گئے چالان میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کسی ملزم کے پاس اسلحہ نہیں تھا،جس سے کیس کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔کیس کی کارروائی کے دوران وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے،ان کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی گئی۔علاوہ ازیں 25 ملزمان کو چالان کی نقول بھی فراہم نہیں کی جا سکیں،جس کے باعث کارروائی میں مزید تاخیر ہوئی۔عدالت نے اگلی سماعت میں چالان کی نقول تقسیم کرنے اور اعتراضات پر بحث کے بعد فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جی ایچ کیو حملہ کیس میں عدالت کی جانب سے مزید کارروائی آئندہ سماعت میں متوقع ہے۔

مزیدخبریں