ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد آئی سی سی نے نئی رینکنگ جاری کردی، سری لنکا پہلی پوزیشن پر براجمان، ویسٹ انڈیز دوسرے نمبر پر جبکہ قومی ٹیم چھٹی پوزیشن پر چلی گئی۔
انٹر نیشنل کر کٹ کونسل کی نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سری لنکا کی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر ہے۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی نئی چمپئن کالی آندھی ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔سیمی فائنل تک نہ پہنچنے والی بھارتی ٹیم کا تیسرا، انگلینڈ کا چوتھا اور جنوبی افریقا کا پانچواں نمبر ہے۔ پاکستان ٹیم جو ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں سولہ رنز سے ہار گئی تھی،نئی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر ہے ،جب کہ ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے سیمی فائنل میں شکست سے دوچار ہو نے والی آسڑیلین ٹیم کا ساتواں نمبر ہے۔رینکنگ میں آٹھواں نمبر نیوزی لینڈ اور نواں بنگلہ دیش کا ہے۔ بالنگ کی کیٹگری میں سعید اجمل بدستور ٹاپ پوزیشن پر ہیں، شاہد آفریدی ساتویں اور محمد حفیظ کا آٹھویں نمبر پرہے۔ آل راؤنڈر میں شین واٹسن پہلے،محمد حفیظ دوسرے اور شاہد آفریدی تیسرے نمبر پر ہیں۔ کرس گیل کی شاندر پرفارمنس بیٹنگ کی کیٹگری میں انہیں دوسرے نمبرپر لے آئی ہے جبکہ پہلے دس کھلاڑیوں میں کوئی پاکستانی بیٹسمین شامل نہیں ہے پاکستان کے عمر اکمل پندرہویں نمبر پر ہیں۔