وہ اس وقت تک الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے جب تک ایف سی اور خفیہ ادارے بلوچستان سے بے دخل نہیں کئے جائیں گے. طلال بگٹی

اسلام آباد میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے طلال بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں آج بھی خفیہ ہاتھوں کا دباؤ ہے، خفیہ ادارے اور ایف سی بلوچستان کے خراب حالات کی ذمہ دارہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان جل رہا ہے سپریم کورٹ میں جا کراپنا اہم بیان ریکارڈ کراؤں گا۔ موجودہ حکومت کے خلاف وسیع اتحاد بنانے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرموجودہ حکومت کوشکست نہیں دی گئی توملک مٹ جائے گا کیونکہ موجودہ حکمرانوں نے کرپشن لوٹ مار کے ریکارڈ پیدا کئے ہیں عوام متحد ہوئے تو کرپٹ اور بدعنوان لوگ اقتدار پر قابض ہو جائیں گے۔ طلال بگٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بچانے کیلئے اقوام متحدہ کی امن فوج یا اسلامی فوج مداخلت کرے اور عالمی عدالت میں جرائم کے مقدمات چلائیں جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کواب جاگنا چاہیے، وہ اس دن سے ڈریں جب ایف سی والے ان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنیں گے۔