امریکہ پر واضح کردیا گیا ہے کہ ڈرون حملے بند کئے جائیں جبکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی کوششیں جاری ہیں۔ رحمان ملک

وزیر داخلہ نے ڈسٹرکٹ سیشن جج کراچی ساؤتھ کی عدالت میں پچاس ہزار روپے کے ذاتی مچلکے جمع کروائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز عدالت نے دوہری شہریت رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ رحمان ملک ،نادیہ گبول اور فرح ناز کو نوٹس جاری کیا تھا جس میں ہدایت کی گئی تھی کہ تینوں اراکین پچاس، پچاس ہزار روپے کے ذاتی مچلکے عدالت میں جمع کروائیں۔دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ انہوں نے دورہ امریکا کے دوران امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن سمیت دیگر عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اورہر فورم پر ڈرون حملوں کےخلاف آواز اٹھاتے ہوئے امریکا پر واضح کیاکہ پاکستانی عوام یہ حملے پسند نہیں کرتے لٰہذا انہیں بند کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی سے متعلق بھی بات ہوئی ہے، عافیہ کو سزا ہوچکی ہے تاہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کی رہائی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ عدالتوں نے جب بھی بلایا وہ پیش ہوئے ہیں۔