وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف کے متوقع دورہ چشتیاں کی اطلاع انتظامیہ چشتیاں اور ٹی ایم اے کے ذمہ داروں کی دوڑیںلگ گئیں
عملہ صفائی کو دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر عملہ صفائی ہڑتال پر ہے، تحصیل ہارون آباد کے عملہ صفائی کو ہنگامی بنیادوں پر چشتیاں بلایا گیا
چشتیاں (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف کے متوقع دورہ چشتیاں کی اطلاع کے بعدانتظامیہ چشتیاں اور ٹی ایم اے کے ذمہ داروں کی دوڑیںلگ گئیں ۔ٹی ایم اے چشتیاں کے عملہ صفائی کو دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر عملہ صفائی کی جاری ہڑتال کی بنا ء پر ضلعی افسران کی خصوصی ہدایات پر ٹی ایم اے تحصیل ہارون آباد کے عملہ صفائی کو ہنگامی بنیادوں پر تحصیل چشتیاں بلایا گیا ۔جس پرسب انجینئر ہارون آبادنذیر تبسم کی قیادت میں عملہ صفائی ٹی ایم اے ہارون آباد رات گئے اور دوپہر تک شہر کے بازاروں اور مین شاہرات پر صفائی کرنے میں مصروف رہے ۔ جبکہ ٹی ایم اے چشتیاں کی جانب سے عملہ صفائی کو تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کروائی گئی ۔مگر عملہ صفائی نے اکائونٹ میں تنخواہ پہنچنے تک کام کرنے سے انکار کر دیا ۔ ٹی ایم اے چشتیاں میں چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کی بدولت چشتیاں شہر اور نواحی کالونیوں میں سیوریج اور صفائی کا نظام سنگین صورت اختیار کر چکا ہے اورتیل و ڈیزل کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے اخراجات ظاہر کرنے کے باوجود شہر کی صورت حال جوں کی توں ہے ۔ٹی ایم اے چشتیاں میں جاری مالی بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں کی بناء پر ٹی ایم اے چشتیاں اپنی تاریخ کے بد ترین حالات سے دو چار ہے ۔مزیدبرآں پنجاب حکومت کی عدم توجہی اور ضلعی افسران کی ڈنگ ٹپائو پالیسی کی بنا ء پر ٹی ایم اے چشتیاں میں عرصہ دراز سے تحصیل میونسپل آفیسر ، ٹی او آئی اینڈ ایس، تحصیل آفیسر فنانس ، تحصیل آفیسر ریگولیشن ،چیف آفیسر ،تحصیل آفیسر پلاننگ اور لینڈ آفیسر کی انتظامی پوسٹیں خالی چلی آ رہی ہیں ۔ جس کی بناء پر ٹی ایم اے چشتیاں کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے ۔ چشتیاں کے عوامی ، سماجی اور صحافتی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور کمشنر بہاولپور سے اپنے مطالبے میںکہا ہے کہ ٹی ایم اے چشتیاں میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں کا فوری نوٹس لے کر ٹی ایم اے چشتیاں میںجاری کرپشن ، لوٹ مار کو فوری ختم کیا جائے اور انتظامی امور چلانے کے لیے عرصہ دراز سے خالی سیٹوں پر ہنگامی بنیادوں پر تقرریاں کی جائیں ۔