جدیدطریقوں سے تعلیم عام کرنا وقت کی ضرورت ہے،مراد علی شاہ اساتذہ کی تربیت کیلئے جلد اکیڈمی قائم کی جائے گی
سرکاری اسکولوں میں تنخواہ کامعیار نجی شعبے سے بہترمگرتعلیم پھربھی نجی اداروں کا ہی بہتر ہے،وزیراعلیٰ سندھ کا ایجوکیشن فائونڈیشن بورڈ اجلاس س خطاب
کراچی(صباح نیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جدید طریقوں سے تعلیم عام کرنا وقت کی ضرورت ہے،اساتذہ کی تربیت کے لئے جلد اکیڈمی قائم کی جائے گی۔ہفتہ کو وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ایجوکیشن فائونڈیشن بورڈ کا اجلاس ہوا ،جس میں محکمہ تعلیم کے سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے طلباء کوجدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم دینے کی ہدایات جاری کردیں ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں تنخواہ کا معیار نجی شعبے سے بہتر ہے،پھربھی نجی شعبے کی تعلیم سرکاری اداروں سے بہتر ہے، ہمیں اپنے تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط لانے کی ضرورت ہے۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ہر بچے پر ماہانہ 3ہزار روپے خرچ کرتی ہے، پھر بھی 30 لاکھ بچے اسکول نہیں جاتے،ایسے ہر بچے کو 500 روپے ماہانہ دینے کو تیار ہوں۔مراد علی شاہ نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سائنس ،انگریزی اورریاضی کے مضامین پڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کریں۔انہوں نے سندھ ایجوکیشن فاونڈیشن کے 600 اسکولوں کے لیے 62 کروڑ 20 کروڑ روپے کی اسکیم کی بھی منظوری دی۔