امریکا کے داعش سے رابطے ہیں اور امریکہ افغانستان میں داعش کو اسلحہ اور مدد فراہم کرتا ہے:سابق افغان صدر حامد کرزئی
افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا افغانستان میں داعش کو اسلحہ فراہم کررہا ہے جب کہ جنگجو تنظیم داعش افغانستان میں امریکی فوجی اڈے بھی استعمال کر رہی ہے، سابق افغان صدر حامد کرزئی کا غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ امریکی انٹیلی جنس کی موجودگی میں ہی داعش کا افغانستان میں وجود ہوا، امریکی حکومت کو ہمارے سوالات کا جواب دینا ہوگا، حامد کرزئی نے کہا کہ پہلے افغانستان میں طالبان اور القاعدہ کے ارکان زیادہ تھے لیکن اب داعش سے تعلق رکھنے والے افراد سب سے زیادہ ہیں، اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے کہ انتہا پسندی کو کیسے قابو کیا جاسکتا ہے۔ سابق افغان صدر کا کہنا تھا کہ ہمیں حق پہنچتا ہے کہ ہم امریکا سے سوال پوچھیں کہ امریکی فوج اور خفیہ ایجنسیوں کی کڑی نگرانی اور موجودگی کے باوجود داعش نے کس طرح افغانستان میں اپنی جڑیں مضبوط کیں؟ حامد کرزئی نے کہا کہ امریکا کو اس کا جواب لازمی دینا چاہیے کیوں کہ اس کا جواب افغانستان کے پاس نہیں بلکہ امریکا کے پاس ہے