اطالوی فضائیہ کے سربراہ کا ائیر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ
اطالوی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل انزو ویچریلی نے ائیر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ائیر ہیڈ کوارٹر ز کے دورے پر آئے اطالوی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل انزو ویچریلی کو پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یاد گارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کے دوران اطالوی فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے افراد کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات و بہادری کو سراہا۔اس دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ دونوں فضائی افواج باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گی۔