فلسطینی صدر محمود عباس کا الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تیاری کا حکم
فلسطینی صدر محمود عباس نے مرکزی الیکشن کمیشن کوملک میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے لیے تیاریاں شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صدارتی اور پارلیمانی انتخابات چند ماہ کے بعد منعقد کیے جائیں گے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ 'فیس بک' پر صدر عباس کی طرف سے پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نے حکومت اور تمام متعلقہ اداروں کو انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ محمود عباس نے اتوار کی شام اعلان کیا کہ حماس اور تمام تنظیموں کے ساتھ اگلے عام انتخابات کی تیاری کے لیے بات چیت کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے فتح کی سنٹرل کمیٹی اور 'پی ایل او' کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رام اللہ میں ایک اجلاس سے خطاب کہ بہت سے امور پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔ ہم حماس اور دوسری جماعتوں سے مزید بات چیت بھی کریں گے۔ محمود عباس نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن، حماس ، دیگر تمام تنظیموں کے ساتھ ساتھ اسرائیلی حکام کے ساتھ بھی بات چیت کے لیے دو کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں تاکہ ان کے اعتراضات کو دور کیا جاسکے۔