وزیر خارجہ کا یو اے ای کے ہم منصب سے رابطہ ، باہمی دلچسپی کےامور پرتبادلہ خیال
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور یو اے ای کے ہم منصب نے اقتصادی و تجارتی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے عالمی وبا کورونا میں یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا خصوصی خیال رکھنے پر اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، یو اے ای میں مقیم لاکھوں پاکستانی گذشتہ کئی دہائیوں سے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، ہر مشکل گھڑی میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام اور کرونا وبا کے معاشی مضمرات سے موثر انداز سے نمٹنے کے لئے باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔