چارسدہ میں ڈھائی سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

ایک اور معصوم زینب سفاک درندوں کی ہوس کا شکار ہوگئی ، چارسدہ میں گزشتہ روز اغواءہونے ڈھائی سالہ بچی زینب کی لاش کھیتوں سے برآمد ہوئی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زینب کے ساتھ جنسی زیادتی کی تصدیق ہو گئی ، ڈی این اے کےلئے بچی کے جسم کے نمونے خیبر میڈیکل کالج پشاور بھجوائے گئے ہیں۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچی کے ساتھ 18گھنٹے پہلے جنسی زیادتی کی گئی ہے ۔ جنسی زیادتی کے بعد بچی کا پیٹ اور سینہ چھری سے پھاڑا گیا ہے۔ پولیس کاکہنا ہے کہ بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں ، پولیس کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔ دوسری جانب وزیر اعلی کے پی محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پی اور دیگر حکام کو واقعے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے ۔ وزیر اعلی کے پی محمود خان نے کہا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی دلخراش اور انسانیت سوز ہے ، واقعے میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے گا، ملوث افراد کسی صورت قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے، متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف دیا جائے گا۔