نو منتخب صدر عارف علوی اتوار کو حلف اٹھائیں گے۔
نومنتخب صدر عارف علوی اتوار کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے،چیف جسٹس ثاقب نثار ان سے حلف لیں گے۔ترجمان ایوان صدر کے مطابق نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی اتوار کو پاکستان کے تیرہویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے، تقریب حلف برداری میں وزیراعظم ، آرمی چیف سمیت اعلیٰ سیاسی وعسکری حکام شریک ہونگے جبکہ غیر ملکی سفیروں کو بھی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ۔ایوان صدر کے ترجمان کے مطابق مہمانوں کی تواضع چائے بسکٹ سے کی جائے گی،یاد رہے کہ ڈاکٹر عارف علوی چار ستمبر کو ہونے والی پولنگ کے نتیجے میں ملک کے صدر منتخب ہوئے تھے۔ عارف علوی حلف برداری کے بعد پنجاب ہاؤس سے ایوان صدر منتقل ہوجائیں گے،نومنتخب صدر نے ایوان صدر میں رہنے کا فیصلہ سکیورٹی اداروں کی جانب سے ملنے والی رپورٹ کے پیش نظر کیا ۔پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی29 جولائی 1949 ء کو پیدا ہوئے۔ پیشے کے اعتبارسے ڈینٹسٹ ہیں اور پاکستان ڈینٹل کونسل اورایشیا پیسیفک ڈینٹل فیڈریشن کے صدررہے۔ڈاکٹرعارف علوی کا شمار تحریک انصاف کے بانی ممبران میں ہوتا ہے۔