سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے سعودی عرب کے وزیر برائے ثقافت و اطلاعات کی ملاقات
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے سعودی عرب کے وزیر برائے ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے ہفتہ کو ملاقات کی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین تعلقات کو فروغ دینے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اقتصادی اور پارلیمانی تعلقات کوفروغ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ہر آزمائش پر پورا اترنے والے تعلقات موجودہ ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی معاملات پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے، دونوں ممالک مشترکہ عقیدہ، ثقافت، تاریخ اور ورثے کے امین ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی پارلیمان دونوں ممالک کے مابین برادانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرُ عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے جو اخوت اور بھائی چارے کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ اس موقع پر سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانی تارکین وطن اور سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی شہریوں کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اس موقع پر سعودی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات تعلقات کو تاریخی اور منفرنوعیت کے ہیں۔ سعودی عرب کے وزیر نے سپیکر قومی اسمبلی کو مختلف شعبوں میں اپنی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سعودی وزیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اراکین پارلیمنٹ اور حکومتی سطح پر رابطوں میں اضافے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے، سعو دی عرب مشکل کی ہر گھڑ ی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ سعودی وزیر نے سپیکر کو سعودی عرب میں قید پاکستانی اور سعودی عرب میں خدمات سر انجام دینے والے پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔