پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا،اپنی سرزمین دہشتگردی کیلئےاستعمال نہیں ہونےدیں گے:شاہ محمود قریشی
اسلام آباد میں چینی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین کے وزیر خارجہ کا دفتر خارجہ آمد پر خیر مقدم کرتے ہیں، وانگ ژی پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں، ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی، پاک چین دوستی کو عوامی اور حکومتی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا چینی وزیر خارجہ نے نومبر میں وزیراعظم کو دورہ چین کی دعوت دی ہے، ہم نے بھی چینی صدر اور وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاک چین مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات اور عالمی امور پربات چیت ہوئی، سی پیک پاکستان اور خطے کیلئے وسیع تر تذویراتی اہمیت کا حامل ہے، غربت کے خاتمے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے بات ہوئی۔ انہوں نے کہا سی پیک سے وابستہ چینی شہریوں کا تحفظ اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، چین کیساتھ تجارتی تعاون بڑھانے اور برآمدات کے فروغ پر بات ہوئی ہے، بین الاقوامی فورمز پر بھرپور حمایت پر چین کے شکر گزار ہیں۔ وفاقی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سر زمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گا، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا، چین نے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا چین نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے، پاکستان چین کیساتھ عالمی فورمز پر بھی مل کر کام کرتا رہے گا