ریاضی کا امتحان: بلوچستان کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ صرف 23فیصد نمبر حاصل کر سکے

Sep 08, 2018 | 17:11

بلوچستان میں قابلیت جانچنے کے لیے منعقد ہ امتحان میں سرکاری اسکولوں کے اساتذہ ریاضی کے مضمون میں 100 میں سے مجموعی طورپرصرف 23 فیصد نمبر حاصل کرسکے۔اقوام متحدہ انٹرنیشنل چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) کے تحت صوبے کے 12 اضلاع میں امتحان منعقد کیا گیا۔یونیسیف کے نمائندوں نے گریڈ 1 سے گریڈ 8 تک کے اساتذہ کا انٹرویو بھی کیا، سرکاری سکولوں کے اساتذہ ریاضی کے مضمون میں 100 میں سے مجموعی طورپرصرف 23 فیصد نمبر حاصل کرسکے،امتحانی نتائج کے مطابق سائنس کے مضمون میں اساتذہ صرف 25 فیصد ہی مارکس حاصل کرسکے۔عالمی ادارے نے مجموعی طور پر 1 ایک ہزار 152 اساتذہ سے اردو، انگلش، ریاضی اور سائنس کے مضامین میں ٹیسٹ لیے جس میں سے 500 اساتذہ گریڈ 5 اور 652 اساتذہ گریڈ 8 میں پڑھاتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اساتذہ کی قابلیت کا گراف مجموعی طور پر چاروں مضامین میں انتہائی کم رہا۔بلوچستان کے سیکریٹری ایجوکیشن نور الحق بلوچ نے بتایا کہ میں اعتراف کرتاہوں کہ اساتذہ کی قابلیت بہت کم ہے۔اس حوالیسے انہوں نے مزید بتایا کہ اساتذہ کی کمزورتعلیمی اور صلاحیت کے پیش نظر حکومت بلوچستان کے شعبہ تعلیم نے 3 سالہ منصوبہ شروع کیا جس میں اساتذہ کو سیکھنے کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔نورالحق بلوچ نے کہا کہ حکومت نے 60 کروڑ روپے مختص کیے جو صوبے بھر کے 35 ہزار اساتذہ کی صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے خرچ کیے جائیں گے۔رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ اساتذہ نے اردو میں 60 فیصد اور انگریزی میں 50 فیصد نمبر حاصل کیے۔اس بارے میں بھی انکشاف کیا گیا کہ پیشہ وارانہ تعلیم کے معاملے میں بھی متعدد اساتذہ تعلیم تربیت سے ناواقف ہیں۔ سرکاری اساتذہ کی تعداد 60 ہزار سے زیادہ ہے۔دوسری جانب ایجوکیشن سیکریٹری نورالحق بلوچ کے مطابق صوبائی ادارہ برائے اساتذہ تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

مزیدخبریں