سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑی کمی
بلین مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز سونے کی فی اونس قیمت 15 ڈالر کمی کے بعد 1915 ڈالر فی اونس تک پہنچی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کم ہونے کے مثبت اثرات پاکستان کے صرافہ بازاروں پر بھی واضح نظر آئے۔ آل پاکستان مینوفیکچرز جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں کمی کی وجہ سے پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1 ہزار جبکہ دس گرام کی قیمت میں 857 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ حالیہ کمی کے بعد پاکستان بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت 1 لاکھ 13 ہزار 500 جبکہ دس گرام کی قیمت 97 ہزار 307 روپے تک پہنچ گئی۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ بازاروں خرید و فروخت نئی قیمتوں کے ساتھ ہوئی۔