وفاق لوڈ شیڈنگ کے معاملےمیں پنجاب سےامتیازی سلوک کررہا ہے۔ بحران کے حل کیلئے سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔ وزیراعلی پنجاب شہبازشریف
لاہورمیںدوسری قومی توانائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں امیر اور غریب کوایک ہی قیمت پر بجلی دی جارہی ہے ،شہبازشریف نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آگے بڑھیں اور اقدامات کریں ورنہ وقت ہاتھ سے نکل جائے گا، اس موقع پر انہوں نے پنجاب کے ذمہ ساڑھے چار ارب روپے کے واجبات ایک ماہ میں ادا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ باقی صوبے بھی اس کی پیروی کریں، انہوں نے کہاکہ وفاق لوڈ شیڈنگ کے معاملے میں پنجاب سے امتیازی سلوک کررہا ہے،جب تک ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری، چاروں صوبوں میں مساوی لوڈ شیڈنگ، تین ماہ کے لئے گیس اور بجلی کی بندش کا یکساں شیڈول دینے کے ساتھ ساتھ تھرکول منصوبے پر فعال طریقے سے کام شروع نہیں ہوتا، بحران پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔وزیراعلی پنجاب نے مسئلے سے نجات کے لئے پاور سیکٹر میں اصلاحات کو بھی ناگزیر قرار دیا اورایران سے بجلی درآمد کرنے کے ساتھ ساتھ قومی پیداوار کا تیس فیصد پاور سیکٹر کے لئے مختص کرنے اورڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو صوبائی کنٹرول میں دینے کی بھی تجویز دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے مانچسٹر فیصل آباد سے بجلی کمپنیاں ننانوے فیصد ریکوری کررہی ہیں لیکن ہمیں ہی مسائل کا سب سے زیادہ سامنا ہے۔