گیاری سیکٹر میں برفانی تودے تلے دبے فوجی جوانوں کونکالنے کیلئے جاری ریسکیوآپریشن میں موسم کی خرابی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے
اسکردو کے گیاری سیکٹرمیں ہفتے کی صبح برفانی تودے کی زد میں آنے والے ایک سوچوبیس فوجیوں اور گیارہ سویلین کو تاحال نہیں نکالا جاسکا جبکہ موسم کی خرابی کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مسلسل برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور درجہ حرارت منفی پندرہ ڈگری تک گر گیا ہے جبکہ رات کے وقت درجہ حرارت منفی بیس تک گرجاتا ہے اس کے باوجود فوجی جوان بھاری مشینری کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں.ذرائع کے مطابق مدد کیلئے آئی امریکی تکنیکی ٹیم بھی موسم کی خرابی کی وجہ سے سکردو روانہ نہیں ہوسکی،ادھر امریکہ نے ضرورت پڑنے پر مزید امداد کی پیش کش بھی کی ہے جبکہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے تعاون کی پیش کش کا بھی خیر مقدم کیا ہے ۔ادھر جائے حادثہ کی نئی سیٹلائٹ تصاویر بھی جاری کردی گئی ہیں۔