امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کے بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام
امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کے بیرون ملک فرار ہونے کی خبر ملنے پر وفاقی پولیس نےائیر پورٹ کا گھیراو کرلیا۔ ایئرپورٹ پرپولیس کی موجودگی کی اطلاع پر کرنل جوزف راستے سے واپس چلئے گئے۔ ذرائع کے مطابق کرنل جوزف غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے بیرون ملک فرار ہونا چاہتے تھے۔ وفاقی پولیس نے بروقت ملٹری اتاشی کے ایئر ٹکٹ کا سراغ لگا کر فرار کی کوشش ناکام بنادی۔ حادثے کے بعد امریکی سفارت خانے نے کرنل جوزف کو اپنی نقل و حرکت ایمبیسی تک محدود رکھنے کی ہدایت کی تھی۔ دوسری جانب پولیس نے کرنل جوزف کے فرار کی کوشش سے متعلق تحریری طور پر وزارت داخلہ کو آگاہ کر دیا ہے۔ پولیس نے کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے وزارت داخلہ کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کرنل جوزف بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر سکتے ہیں اس لئے نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔