امریکہ عالمی دہشت گرد،پاسداران انقلاب ایران کے محافظ ہیں۔ صدر حسن روحانی
ایرانی صدر حسن روحانی نے اسلامک ریوولیوشنری گارڈز کور یا پاسداران انقلابِ اسلامی کو ایران کے محافظ قرار دیتے ہوئے امریکی فیصلے کے خلاف ان کا دفاع کیا ہے۔ امریکا نے گزشتہ روز پاسداران انقلاب کو ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا تھا۔ قومی ٹیلی وژن سے نشر کردہ اپنے ایک خطاب میں روحانی نے کہا کہ ان پاسداران نے ایرانی عوام کی زندگیاں بچانے کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ روحانی کا کہنا تھا امریکا پاسداران انقلاب کے خلاف عناد رکھتا ہے اور اسی باعث اس نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ روحانی نے امریکا کو عالمی دہشت گردی کا سربراہ بھی قرار دیا۔ امریکی فیصلے کے رد عمل میں ایران نے بھی امریکی فوج کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔