تھر کول پاور پروجیکٹ پاکستان کی تقدیر بدل دے گا، مرتضیٰ وہاب
وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تھر کول پاور پروجیکٹ پاکستان کو روشنیوں میں تبدیل کرکے پاکستان کی تقدیر بدل دے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب" تھر بدلے گا پاکستان" آج شرمندہ تعبیر ہوگیا ہے، بجلی گھر کی چمنیوں سے نکلتا ہوا دھواں تھر سمیت تمام پاکستان کی ترقی کا اشارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1996 میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے یہ خواب دیکھا تھا جسے پیپلز پارٹی کی قیادت نے اپنے وژن سے اس منصوبہ کو حتمی شکل دیتے ہوئے پایہ تکمیل تک پہنچایا اور تمام پاکستانی تھر کے کوئلے سے توانائی کی صورت میں استفادہ کریں گے۔ مشیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ تھر کول پاور پلانٹ کے دوسرے پیداواری یونٹ جو کہ تین سو تیس میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا اس کو کل فعال کردیا جائے گا جس کے بعد تھر کول پاور پلانٹ نیشنل گرڈ کو چھ سو ساٹھ میگا واٹ بجلی فراہم کرے گاجس کے نتیجے میں صنعتی ترقی کا پہیہ رواں ہو گا اور ہمارا ملک مزید روشن ہوگا۔ مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان کی سربلندی کے لئے اپنی توانائیاں صرف کی ہیں چاہے وہ پاکستان کو جوہری طاقت کا حامل ملک بنانا ہو یا توانائی کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں لانا ہوں ہم نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کے مفادات کو ترجیح دی ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جڑیں آج بھی عوام میں ہیں۔