دنیا بھرمیں کورونا کی دہشت برقرار ، ہلاکتیں 88ہزار سےزائدہوگئیں
پیرس : دنیا بھر میں کورونا وائرس سے88 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں ، جبکہ مہلک وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد پندرہ لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے ۔دنیا بھرمیں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کاسلسلہ جاری ہے، اوردنیا کا کوئی بھی ملک اس کی تباہ کاریوں سے محفوظ نہیں رہ سکا ہے ۔ مختلف ممالک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 88 ہزارسے تجاوزکر چکی ہے جبکہ پندرہ لاکھ سے زائد سے افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں ۔ دنیا بھر میں تین لاکھ تیس ہزار افراد کرونا کو شکست دیکر صحت یاب ہوئے ہیں ۔سپر پاور امریکہ کرونا سے متاثرہ ممالک میں ٹاپ پر آ گیا ہے ، امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک ہی روزمیں 1940 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد14795 تک جاپہنچی ہے ۔امریکہ میں دس ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جس کے بعد مریضوں کی تعداد4 لاکھ دس ہزار سے بڑھ گئی ہے ۔ امریکی ریاست نیویارک مہلک وائرس سے زیادہ متاثر ہوئی ہے ۔ جہاں سات سو 80 افراد مہلک وباء سے ہلاک ہوئے ہیں ۔اٹلی میں وائرس سے ایک روز میں 542 افراد ہلاک ہوئے ۔اٹلی میں متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزارسے زائد ہوگئی ۔ اسپین میں کورونا سے مزید 747 افراد چل بسے۔ ایران میں 121افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ترکی میں ہلاکتوں کی تعداد 812 ہوگئی ہے ۔ ترکی میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4117 ہوگئی ہے۔ ڈنمارک میں کورونا سے لگائی گئی پابندیوں میں نرمی کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ ہانگ کانگ میں سماجی فاصلے کی پابندیوں میں 23 اپریل تک توسیع کر دی گئی۔چین کورونا وائرس کو شکست دینے والا پہلا ملک بن گیا ہے ۔ چین میں 3300 سے زائد افراد کی زندگیاں نگلنے والے کورونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد ووہان میں 23 جنوری کو لاک ڈاؤن کیا گیا تھا۔ تاہم اب چین کے دیگر شہروں کی صورتحال بھی معمول پر آنے لگی ہے ۔