پنجاب کی جیلوں میں کورونا سے بچاؤ کیلئے اقدامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں، راجہ بشارت
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب کی جیلوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اقدامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں۔ صوبے کی تمام جیلوں میں قیدیوں کی کورونا اسکریننگ کے علاوہ پی سی آر ٹیسٹ بھی کیا جارہا ہے۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے جیلوں میں قیدیوں میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے بیان میں کہا کہ ساڑھے تین ہزار قیدیوں کو مختلف جیلوں میں گنجائش کے مطابق شفٹ کیا جائے گا۔ نئے آنے والے قیدیوں کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں اور ان کو چودہ دن کیلئے قرنطینہ سینٹر میں رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تمام ڈسٹرکٹ جیلوں میں کورونا وارڈز قائم کردیئے گئے ہیں۔ داخلی دروازوں پر کورونا کاؤنٹرز بھی قائم کردیئے گئے ہیں جہاں تمام آنے والوں کو چیکنگ کے بعد اندر جانے دیا جاتا ہے۔ راجہ بشارت نے کہا کہ جیلوں میں موجود تمام میڈیکل اسٹاف کو کورونا کے حوالے سے خصوصی ٹریننگ دلوائی گئی ہے۔ تمام طبی عملے کو پرسنل پروٹیکشن کٹس فراہم کردی گئی ہیں۔ جیلوں میں ڈیوٹی پر تعینات عملے کو جیل سے باہر جانے کی اجازت نہیں۔ قیدیوں کی ایک بیرک سے دوسری بیرک میں جانے یا کسی قسم کے اجتماع پر بھی پابندی ہے