صدر کا پاک چین دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر زور
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس سمیت متعدی امراض کے خلاف جنگ میں پاک چین دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وہ جمعرات کے روز اسلام آباد میں ڈاکٹر مامنگہوئی کی قیادت میں چین کے ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کے آٹھ رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے متعدی امراض کی موثر روک تھام کے لئے حکمت عملیاں وضع کرنے کی غرض سے دونوں ملکوں کے طبی اور صحت کے ماہرین کے درمیان مزید تبادلے ہونے چاہئیں۔ صدر نے کہا کہ کورونا وائرس صحت کے عالمی نظام کے لئے ایک بڑا خطرہ بن چکا ہے اور اس وائرس سے درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے بڑے پیمانے پر کوششوں کی ضرورت ہے۔ طبی ماہرین نے انہیں دورے کی دعوت دینے اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اپنے تجربات کے تبادلے میں تعاون پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔