کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج غیر معینہ مدت کے لئے بند

کراچی: ایگزیکٹو کمیٹی اور ایمپلائز یونین کے درمیان اختلافات کے باعث کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو بند کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی ایگزیکٹو کمیٹی اور ایمپلائز یونین کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں ، جس کے باعث کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ٹیچنگ اسٹاف تنخواہوں سےمحروم ہیں جبکہ نان ٹیچنگ اسٹاف کو معمول کےمطابق تنخواہوں کی ادائیگی جاری ہیں، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نان ٹیچنگ اسٹاف کے صرف ایک ماہ کے بقایاجات کی ادائیگی باقی ہے۔ سینئر فیکلٹی اسٹاف کے مطابق گذشتہ دو روز سے نان ٹیچنگ اسٹاف کی جانب سے بلا جواز او پی ڈی سروس معطل کرائی جارہی تھی جس کے بعد تحریری طور پر کالج کے پرنسپل اور وائس پرنسپل کو صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔