ذخیرہ کرکے مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو ہدایت دے دی
وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کے خاتمے کے لیے پنجاب حکومت کو مسلسل اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت دے دی۔لاہور میں ایوان وزیراعلی میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں مہنگی اور ذخیرہ اندوزی کے معاملات زیر بحث آئے۔وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ذخیرہ کرکے مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خاتمے کے لیے پنجاب حکومت مسلسل اقدامات جاری رکھے، چینی اسکینڈل میں احتساب کا عمل بلاتفریق آگے بڑھایا جائے گا۔دوران اجلاس چیف سیکرٹری پنجاب نے مہنگائی کے تدارک کے لیے صوبائی حکومت کے ا قدامات پر بریفنگ دی۔وزیراعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نیچے لانے کے حکومتی اقدامات کی تعریف کی اور حکومت کو مسلسل اقدامات جاری رکھنے کی ہدایات دیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعظم عمران خان کو جنوبی پنجاب سکرٹریٹ کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم کو اجلاس میں بریف کیا گیا کہ جنوبی پنجاب میں سیکرٹریٹ کو مکمل فعال کرنے کیلئے کام تیزی سے جاری ہے۔ کمیٹی کی جانب سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے متعلقہ ترجیحاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی۔وزیراعظم نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا گیا کہ سیکرٹریٹ کو فعال بنانے کیلئے تمام محکموں کے سیکرٹریز تعینات ہونگے۔ کابینہ وزرا ہفتہ وار جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں بیٹھا کریں گے۔