مسجد نبوی میں 4200 مردو خواتین اعتکاف کریں گے
اگلے منگل کو مسجد نبویﷺ میں اس سال رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کرنے والوں کی کثیر تعداد پہنچ رہی ہے۔ مسجد نبویﷺ میں اعتکاف کے لیے الیکٹرانک "زائرین" ایپلی کیشن کے ذریعے رجسٹریشن کی گئی۔ گنجائش کے مطابق مسجد نبویﷺ میں چار ہزار دو سو مردو خواتین روزہ دار اعتکاف کریں گے۔مسجد نبویﷺ کے امور کے لیے جنرل پریذیڈنسی کی ایجنسی نے اعتکاف میں 4,200 ہزار مردوں اور عورتوں کی رجسٹریشن کرائی ہے۔اعتکاف کی عبادت کرنے والے تمام معتکفین کو سحری اور افطاری میں طعام اور مشروبات کا بندوبست کیا گیا ہے۔ معتفکین کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ کئی زبانوں میں انہیں دینی دروس کی رہ نمائی دی جائے گی۔ مرد معتکفین کے لیے مسجد نبویﷺ کی مغربی چھت مختص کی گئی ہے۔ مرد معتکفین باب نمبر چھ اور داخلی سیڑھیوں اور باب نمبر 10 کو آمد و رفت کے لیے استعمال کریں گے۔ خواتین معتکفات کے لیے مسجد نبویﷺ کے شمال مشرقی حصے اور داخلے کے لیے باب 24اور 25 مختص کیے گئےہیں۔